زخمی ہونے کے بعد وہاب ریاض چیمپیئنز ٹرافی سے باہر

2

پاکستان کے تیز رفتار بولروہاب ریاض برمنگھم میں انڈیا کے خلاف میچ میں ایڑھی زخمی ہونے کے بعد چیمپیئنز ٹرافی کے باقی میچوں میں نہیں کھیل سکیں گے۔
پاکستان کے کرکٹ بورڈ کی طرف سے پیر کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ چوٹ کی نوعیت ایسی ہے کہ وہاب ریاض باقی میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
٭ انڈیا کے ہاتھوں پاکستان کو 124 رنز سے شکست
٭ وہاب کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ میرا تھا: مکی آرتھر
بیان میں مزید کہا گیا کہ وہاب ریاض کے پیر کے سکین سے معلوم ہوا ہے کہ ایڑھی کے لگمنٹ متاثر ہوئے ہیں۔
بورڈ نے کہا ہے کہ اس چوٹ کے مندمل ہونے میں کم از کم دو ہفتے لگیں گے جس کی وجہ سے انھیں مکمل آرام کی ہدایت کی گئی ہے اور وہ باقی ماندہ میچوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
پی سی بی نے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کو وہاب ریاض کے متبادل کھلاڑی کے بارے میں درخواست کر دی ہے۔
وہاب ریاض انڈیا کے خلاف میچ میں سب سے مہنگے ثابت ہوئے تھے اور انھیں آٹھ اعشاریہ ایک اوور میں 87 رن پڑے تھے جن میں 11 چوکے بھی شامل تھے۔
انڈیا کے میچ سے قبل بھی وہاب ریاض کی فٹنس کے بارے میں شکوک و شبہات پائے جاتے تھے۔ وہ تربیت کے دوران گھٹنے کے گرد پٹیاں لپیٹے نظر آئے۔
انڈیا کے میچ میں پاکستان کے دوسرے مرکزی بولر محمد عامر کا بھی پٹھہ چڑھ گیا تھا لیکن وہ بعد میں بیٹنگ کرنے آئے۔ لیکن وہاب ریاض بیٹنگ بھی نہیں کر سکے تھے۔

اپنی رائے دیجئے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.